Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

ذیابیطس اور ناشتہ

ذیابیطس اور ناشتہ
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے صحت مند ناشتہ وہی کہلائے گا جو ریشے سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ عمل تکسید کو بھی روکتا ہو۔
دن کا بہترین آغاز،میٹابولزم کے عمل کو تیز رکھنے سے کیجیے۔صبح کے وقت آپ کے خون میں شکر کی مقدار بھلے زیادہ ہو۔ناشتہ کبھی مت چھوڑئیے۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے اگر ناشتہ نہ کیا جائے تو موٹاپا بڑھتا ہے اور جسم میں فطری طور پہ پیدا ہونے والی انسولین کا عمل سست پڑ جاتا ہے۔
یہ ایک دلچسپ اور خوشگوار چیز ہے کہ جو افراد باقاعدگی سے ناشتہ کرتے ہیں۔وہ باقی ماندہ دن میں بہتر طریقے سے چکنائی اور زیادہ حراروں والی غذا سے بچ جاتے ہیں۔
اس بات کا بطور خاص دھیان رکھیے کہ روزانہ مخصوص وقت میں ہی ناشتہ کیجیے۔یوں نہیں کہ کبھی آٹھ بجے،کبھی نو تو کبھی گیارہ بجے۔۔۔۔
خون میں شکر کی مقدار کو درست رکھنے کے لیے مستقل مزاجی سے وقت پہ ناشتہ کرنا ضروری ہے۔
ریستوران میں کھانا معیوب نہیں لیکن ایک کھانا ایسا ہے جو آپ کو صرف گھر پہ ہی کھانا چاہیے۔جی ہاں درست سمجھے وہ ناشتہ ہی ہے۔کیونکہ بہت بھاری ناشتہ حراروں اور چکنائی کی مقدار کو بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔
چکنائی سے پاک دودھ میں بنا آدھا کپ دلیہ یا آدھا پیالہ ایسے تازہ پھل جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوں، ایک بہترین اور مکمل ناشتہ ہے۔تحقیق بتاتی ہے کہ جو افراد ناشتے میں جئی کا دلیہ کھاتے ہیں۔وہ دوسروں کے مقابلے میں دوپہر کے کھانے میں تیس فیصد حرارے کم استعمال کرتے ہیں۔
پروٹین اور ریشے سے بھرپور السی کے بیج خون میں شکر کی مقدار کو ٹھیک رکھنے کے لیے اور دل کی بیماریوں کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ ہیں۔یہ ایسے فیٹی ایسڈز رکھتے ہیں جو جسم اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بنانے میں استعمال کرتا ہے۔جی بالکل وہی جو آپ مچھلی سے حاصل کرتے ہیں۔
مچھلی ہی کی طرح یہ بیج کولیسٹرول کی کم مقدار رکھتے ہیں۔
دودھ پینے اور دودھ سے بنی مصنوعات خوراک میں شامل کرنے سے دودھ میں موجود کیلشیم اور وٹامن ڈی ذیابیطس اور دل کے امراض میں کمی لا سکتے ہیں۔
بالائی کے بغیر دہی کا استعمال بھی مفید ہے۔
مالٹے کا جوس پینے کی بجائے پھل کھائیے۔اس میں ریشہ ہونے کی وجہ سے پیٹ بھرے گا۔جوس پینا ہو تو چار اونس سے زیادہ مت پیجیے۔
خون میں شکر کی مقدار کا تناسب درست رکھنے کے لیے دار چینی کو اپنی چائے،کافی وغیرہ میں استعمال کریں۔

2 تبصرے “ذیابیطس اور ناشتہ

  1. ذیابیطس، یعنی شوگر، کے مریضوں کے لیے ناشتے کی اہمیت پر مفید مضمون۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں